سندھ میں پیپلز پارٹی کی 13 سالہ حکومت نے لوگوں کو کچھ نہیں دیا، عباسی

لاڑکانہ(نمائندہ نوائے جنگ) جی ڈی اے رہنما اور لاڑکانہ سے منتخب رکن سندھ اسمبلی معظم علی عباسی نے کہا ہے کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی 13 سالہ حکومت نے لوگوں کو کچھ نہیں دیا، عمران خان کی حکومت کو پانچ سال پورے کرنے چاہیے، لاڑکانہ میں یوٹیلٹی اسٹور کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ لاڑکانہ عوامی اتحاد کی طرح دیگر اتحاد لاڑکانہ سکھر ڈویزن میں تشکیل دینے کے لیے رابطے کررہے ہیں جب تک پی پی مخالف جماعتیں اتحاد کو وسیع نہیں کرتے تب تک سندھ میں پیپلز پارٹی کو بھی فائدہ ہوگا،

اگر پی پی مخالف لاڑکانہ عوامی اتحاد کی طرح سندھ بھر میں اتحاد قائم ہوں تو پیپلز پارٹی کو ٹف ٹائیم دیا جاسکتا ہے، گزشتہ کئی دہائیوں سے پیپلز پارٹی مخالف پارٹیوں کی جانب سے علیحدہ اپوزیشن کرنے کے باعث لاڑکانہ میں پیپلز پارٹی کو فائدہ ہوا جب لاڑکانہ میں پی پی مخالف ایک ہوئے تو گزشتہ عام انتخابات اور ضمنی انتخابات میں پی پی امیدواروں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، معظم عباسی نے مزید کہا کہ سندھ کے لوگ سندھ حکومت کے بعد اب وفاقی حکومت سے بھی مایوس ہوچکے ہیں،

وفاقی حکومت کو سندھ بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے ساتھ صحت کارڈ اور دیگر مسائل کو بھی دیکھنا ہوگا، پی ٹی آئی کی حکومت کو تین سال مکمل ہونے کو ہیں لیکن اب دو سالوں میں انہیں کسی بھی صورت عوام کو رلیف ضرور دینا ہوگا، انہوں نے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹور پر ماہ رمضان میں سستی اشیا عام آدمی کو ملنا وفاقی حکومت کا یہ بڑا اقدم ہے جس سے غریب لوگ مستفید ہوسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اشیا خوردنوش کی چیزیں عام آدمی تک پہچانے میں یوٹیلٹی انتظامیہ اپنا کردار ادا کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں