چھپرا مارکیٹ میں رات کی تاریکی میں ایک ماہ میں دوسری بار آگ بھڑک اٹھی

جھڈو(نمائندہ نوائے جنگ برطانیہ)جھڈو میرپور خاص مین اسٹیشن روڈ پر ریلوے کی اراضی پر قائم چھپرا مارکیٹ میں رات کی تاریکی میں ایک ماہ میں دوسری بار آگ بھڑک اٹھی،ایک درجن کےقریب چھپرا نما دکانیں،کیبن اور ہوٹل جل کر خاکستر ہوگئے،غریب دکانداروں کا لاکھوں روپوں کا نقصان ،متاثرہ دکانداروں نے احتجاج کرتے ہوئے بتایاکہ ایسا لگتاہےکہ جان بوجھ کر آ گ لگائی گئی ہے اس لیے ایک ماہ کے دوران آ تشزدگی کے اس دوسرے واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرواکر دکانداروں کے ہونے والے لاکھوں روپے کے نقصان کا ازالہ کیاجائے۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ اورہفتہ کی درمیانی شب جھڈو میرپور خاص مین شاہراہ پر اسٹیشن روڈ پر ریلوے کی اراضی پرلب سڑک قائم چھپرا نما مارکیٹ میں رات کی تاریکی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، آگ نے تیزی سے پھیل کر دوسری چھپرا نمادکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا اور یوں دیکھتے ہی دیکھتے ایک درجن کے قریب دکانیں،جن میں دوچھپرا ہوٹل دو فروٹ کے ٹھیلے، دو موبائل شاپش،دو برگر شاپس اور ایک وین کا اڈہ جل کر خاکستر ہوگئے اور ان دکانوں میں پڑا ہوا لاکھوں روپوں کا سامان بھی جل گیا، جھڈو ٹاون کمیٹی کی فائر بریگیڈ کئی سالوں سے خراب ہونے کے باعث نوکوٹ سے فائر بریگیڈ منگوائی گئی

جو انتہائی تاخیر سے پہنچی جس کے باعث اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کی، متاثرہ دکانداروں کا کہنا ہےکہ ان کا لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا ہے،ایک ماہ میں دوسری مرتبہ آگ لگنے سے یہ شک یقین میں بدل گیاہےکہ آگ خود بخود نہیں لگی بلکہ جان بوجھ کر لگائی گئی ہے،کسی نے ہمارا روزگار تباہ کرنے کی سازش کی ہے ،انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس مارکیٹ میں ایک ماہ کے دوران مسلسل آگ لگنے کے دوسرے واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرواکر ہمارے نقصان کا ازالہ کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں