ٹوکیو: بائیکس کی شوقین ایک خوبرو جاپانی لڑکی کو سوشل میڈیا پر کافی پذیرائی مل رہی تھی اور ہیوی بائیکس چلاتے ہوئے اس کی تصاویر اور ویڈیوز کافی مقبول ہو رہی تھیں لیکن اب اس چنچل حسینہ کے متعلق ایسا انکشاف منظرعام آ گیا ہے کہ جان کر اس کے مداح دل گرفتہ رہ جائیں گے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق ’ایزوساگاکویوکی‘ کے نام سے سوشل میڈیا پر مقبولیت حاصل کرنے والی اس لڑکی کے متعلق ایک جاپانی ٹی وی چینل نے انکشاف کیا ہے کہ وہ لڑکی نہیں بلکہ 50سال عمر کا ایک مرد ہے۔
ایک ورائٹی شو کی ٹیم نے اس خوبرو موٹرسائیکلسٹ کا تعاقب کیا اور اس کے ہیلمٹ اتارنے کی ویڈیو بنا لی۔ ہیلمٹ اترتے ہی سب نے دیکھ لیا کہ وہ ایک ادھڑ عمر مرد تھا، جس کے چھوٹے چھوٹے بال تھے۔ حالانکہ تصاویر میںا س کے خوبصورت لمبے بال ہوتے تھے، جو اب جا کر معلوم پڑا کہ اس نے ’وِگ‘ لگا رکھی ہوتی تھی۔ ورائٹی شو کی ٹیم کے سامنے اس نے بعد ازاں اعتراف کر لیا کہ اس نے سوشل میڈیا پر لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے یہ ڈرامہ کیا۔ اس نے کہا کہ وہ میک اپ کرکے اور وِگ لگا کر ویڈیو اور تصاویر بناتا تھا۔ اپنے اپنے چہرے کو نوعمر لڑکی کی طرح بنانے کے لیے ’فیس ایپ‘ اور فوٹو شاپ جیسے ٹولز کا سہارا لیتا تھا۔