ممبئی : بھارت کے صنعتی شہر ممبئی میں پولیس نے تین نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے جو پرینک کے نام پر نابالغ لڑکیوں کو پھنساتے اور پھر ان کی فحش ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کردیتے تھے ، اپنی ان حرکتوں سےوہ اب تک دو کروڑ روپے سے زیادہ کما چکے ہیں۔
ممبئی پولیس کےمطابق 29 سالہ مکیش گپتا نے یہ سلسلہ 2008 میں اس وقت شروع کیا تھا جب وہ خود میٹرک کا ٹاپر تھا اور ٹیوشن بھی پڑھاتا تھا۔ ملزم پرینک کے نام پر نابالغ لڑکیوں کو پھنساتا اور ویڈیوز میں ان سے فحش جملے ادا کرواتا۔ اس نے کئی لڑکیوں کی فحش ویڈیوز بھی بنائیں اور انہیں سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا۔
پولیس کی کرائم برانچ کا کہنا ہے کہ کورونا لاک ڈاؤن کے دوران ایسی ویڈیوز کے سلسلے میں اضافہ ہوا اور ملزم نے 300 سے زائد ویڈیوز پوسٹ کرکے دو کروڑ روپے سے زائد کمائے۔ پولیس نے گرفتار تینوں ملزمان کے خلاف بچوں کے تحفظ کے قانون پوکسو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے ان ویڈیوز کو ہٹوانے کیلئے رابطہ کرلیا ہے۔