’میرے باپ کی 27 بیویاں تھیں، 150 بچے ہیں‘

اوٹاوا: کینیڈا کے ایک نوجوان نے ٹک ٹاک پراپنے باپ اور فیملی کے بارے میں کچھ ایسے حیران کن انکشافات کیے ہیں کہ ہر سننے والا دنگ رہ گیا۔دی سن کے مطابق اس 19سالہ نوجوان کا نام مرلین بلیک مور ہے جس نے ایک ٹک ٹاک ویڈیو میں بتایا ہے کہ وہ ایک ایسے شخص کا بیٹا ہے جو ایک سے زائد شادیاں کرنے پر یقین رکھتا ہے۔ اس نے 27شادیاں کیں اور 150بچے پیدا کیے، جن میں سے ایک میں ہوں۔“

رپورٹ کے مطابق مرلین کے باپ کا نام ونسٹن بلیک مور ہے جو قبل ازیں بھی عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز رہ چکا ہے۔ اسے 2018ءمیں برٹش کولمبیا کی عدالت نے اتنی زیادہ شادیاں کرنے پر گھر میں نظر بند کرنے کی سزا بھی سنائی تھی۔ عدالت میں بتایا گیا تھا کہ اس کی کئی بیویوں کی شادی کے وقت عمر 15سال سے بھی کم تھی۔ونسٹن اپنی اتنی بڑی فیملی کے ساتھ برٹش کولمبیا کے شہر باﺅنٹی فل میں رہتا ہے۔ مرلین کے علاوہ ونسٹن کی19سالہ بیٹی مورے اور 21سالہ بیٹا وارن بھی اپنی فیملی کے بارے میں دنیا کو سوشل میڈیا کے ذریعے بتا چکے ہیں۔

مرلین نے بتایا کہ وہ اپنی فیملی کے ساتھ نہیں رہتا بلکہ امریکہ منتقل ہو چکا ہے۔ اس نے ایک ویڈیو میں بتایا ہے کہ ’ہم ایک ہی ایج گروپ کے 12بہن بھائی ہیں اور ہم سب کے نام ’M‘ سے شروع ہوتے ہیں۔ ہم سے اوپر کے ایج گروپ میں ہمارے 9بہن بھائی ہیں اور ان سب کے نام ’R‘ سے شروع ہوتے ہیں۔اسی طرح ہر ایج گروپ کے بہن بھائیوں کے نام ایک ہی حرف سے شروع ہوتے ہیں۔ ہم بہن بھائیوں کو سکھایا جاتا تھا کہ ہم اپنی حقیقی ماں کو ’مم‘ (Mum)کہیں گے جبکہ باقی تمام ماﺅں کو ’لفظ مدر‘ کے ساتھ ان کا نام لگا کر پکاریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں