وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب بھی اقامہ ہولڈر نکلے

اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان کا بھی متحدہ عرب امارات کا اقامہ نکل آیا۔ پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی کے مطابق عمر ایوب کے پاس ایک کمپنی کا انویسٹر اقامہ ہے، انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ پیپلز پارٹی تحریک انصاف کی کرپشن کے خلاف عدالت جائے گی۔

پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ کہ عمر ایوب خان کے پاس ایک کمپنی کا انویسٹر اقامہ ہے۔انہوں نے کہا حکومت سے کوئی بھی سوال پوچھو تو جواب ایک ہے ’این آر او نہیں دینا‘، عمر ایوب نے کل سینیٹ میں ماضی کی حکومتوں پر الزامات لگائے حالانکہ وہ خود ماضی کی حکومتوں کی لمبی داستان ہیں، بجلی کا تاریخی بریک ڈاؤن انہی کی نااہلی کی وجہ سے ہوا۔

فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ عمر ایوب اگر ذاتیات پر جائیں گے تو ہم بھی ذاتیات پر جائیں گے، بابر اعوان نے ان کے خلاف کنسیل کا مقدمہ دائر کیا ہوا ہے، لندن میں اپنی پراپرٹی کا جواب انہوں نے نہیں دیا، ایک کمپنی کا انویسٹر اقامہ ان کے پاس ہے، یہ اسمبلی میں بڑے دعوے کرتے ہیں لیکن سوالات کا جواب نہیں دیتے۔

فیصل کریم کنڈی نے اعلان کیا کہ پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی کی کرپشن کے خلاف عدالت میں جانے کا فیصلہ کیا ہے، وفاقی حکومت نے کل ملائیشیا میں ملک کی جگ ہنسائی کرائی، بی آر ٹی کا 29 ارب کا منصوبہ 100 ارب روپے سے تجاوز کر گیا، معیشت کے 200 ارسطو اب نظر نہیں آتے۔

دوسری جانب صحافی وقار ستی نے وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان کا مبینہ اقامہ ٹوئٹر پر شیئر کیا ہے جس کے مطابق یہ اقامہ 26 اکتوبر 2016 سے 25 اکتوبر 2019 تک کا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں