راولپنڈی: کویت کے اعلیٰ سطح کے وفد کی وزارت دفاع راولپنڈی میں وزیر دفاع خواجہ آصف سے ملاقات ہوئی، وفد کی قیادت کویتی وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السالم الصباح نے کی۔
کویتی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد درج سعد الشریعان بھی وفد کے ہمراہ تھے، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعلقات، سکیورٹی تعاون اور دفاعی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز رہی۔
پاکستان اور کویت کے درمیان “پروٹوکول معاہدہ 2026” پر دستخط کیے گئے، نئے معاہدے سے “دفاعی تعاون معاہدہ 2023” کے تحت قائم موجودہ عسکری تعاون کے فریم ورک کو وسعت اور تقویت ملے گی۔
نئے معاہدے کے تحت پاک افواج، کویتی مسلح افواج کو مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کریں گی، تربیت، استعداد کار میں اضافہ، سرحدی انتظام اور دفاعی تعاون کے دیگر شعبوں میں تعاون کیا جائے گا۔




