پتوکی : سرائے مغل میں 6 کمسن بچیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے والا درندہ پولیس کی گرفت میں آگیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ضلع پتوکی کے علاقے سرائے مغل میں 6 کمسن بچیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے والا درندہ گرفتار کرلیا گیا ہے، اور ملزم پر مختلف دفعات کے تحت مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم بچیوں کو مختلف طریقوں سے ورغلا کر بلاتا تھا، متاثرہ بچیوں کی عمریں 10 سے 12 سال کے درمیان ہیں، ملزم کی گرفتاری بھی متاثرہ بچیوں کی نشاندہی پر ہوئی ہے، اس سے مزید تفتیش جاری ہے جب کہ اس کا ڈی این اے بھی کروایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ڈی پی او قصور نے بروقت کاروائی نہ کرنے پر ایس ایچ او تھانہ سرائے مغل کو معطل کر دیا ہے، علاقے میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران مختلف واقعات میں 6 بچیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے والا ملزم سی سی ٹی وی فوٹیجز کے باوجود گرفتار نہیں ہوسکا تھا، اور متاثرہ بچیوں کے والدین اوراہل علاقہ نے پولیس کے خلاف روڈ بلاک کرکے شدید احتجاج کیا جس کے بعد اس کی گرفتاری عمل میں آئی۔