کوئٹہ: مسجد میں دھماکا، ڈی ایس پی سمیت 14 افراد جاں بحق

Spread the love

کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن کی مسجد و مدرسہ میں دھماکے سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) اور مسجد امام سمیت 14 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکا سیٹلائٹ ٹاؤن کے نواحی علاقے غوث آباد کی ایک مسجد و مدرسہ میں نماز مغرب کے دوران ہوا جس کی نوعیت معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے دھماکے میں ڈی ایس پی امان اللہ کے شہید ہونے کی تصدیق کی۔

متوفی ڈی ایس پی امان اللہ — فوٹو: غالب نہاد
دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نفری جائے وقوع پر پہنچی جبکہ ریسکیو عملے نے زخمیوں کو سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

ضرور پڑھیں   حکومت کلثوم نواز کے لواحقین کو قانون کے مطابق تمام سہولیات فراہم کرے گی، وزیراعظم

سول ہسپتال کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں 14 لاشوں اور 20 زخمیوں کو لایا گیا۔

ابتدائی طور پر دھماکے کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول کرنے کا دعویٰ نہیں کیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کی سیٹلائٹ ٹاؤن کی مسجد میں دھماکے کی مذمت کی ہے۔

انہوں نے دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہتر طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ نمازیوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے عناصر کا کوئی مذہب، قوم اور قبیلہ نہیں وہ صرف دہشت گرد ہیں اور سخت ترین سزا کے حقدار ہیں۔

ضرور پڑھیں   امریکا پاکستان کو واچ لسٹ میں شامل کرنے کی قرارداد آج پیش کرے گا

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ملک دشمن قوتیں ایک مرتبہ پھر بلوچستان میں دہشت گردی کے ذریعے عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہیں، تاہم سیکیورٹی فورسز اور عوام کی قربانیوں سے قائم ہونے والے امن کو کسی صورت خراب نہیں ہونے دیا جائے گا اور دہشت گردی میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

صوبائی وزیر داخلہ میر ضیااللہ لانگو نے بھی مسجد کے اندر دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد ہماری ترقی اور ابھرتے ہوئے پاکستان سے خائف ہیں جبکہ اندرونی و بیرونی دشمن پاکستان میں بے چینی اور بدامنی کو بڑھاوا دینے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔

ضرور پڑھیں   کرتارپور راہداری معاہدے پردستخط کی تقریب منسوخ،بھارت نے بڑا اعتراض اُٹھادیا

انہوں نے کہا کہ مایوسی، ناکامی کا شکار اور شکست خوردہ دہشت گرد ہمارے نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں تاہم ملک کے امن و امان کو خراب کرنے کے شیطانی مقصد میں دہشت گردوں اور ملک دشمنوں کو کبھی کامیاب ہونے نہیں دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں