افغانستان میں بارودی سرنگ پھٹنے سے 8 بچے جاں بحق

کابل: افغانستان کے صوبے فریاب میںطالبان کے زیر تسلط علاقے میں بارودی سرنگ پھٹنے سے 8 بچے جاں بحق اور 4 شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے فریاب کے علاقے کوہ سید میں پولیس اسٹیشن کے نزدیک بارودی سرنگ پھٹنے سے 7 بچے جاں بحق اور 5 شدید زخمی ہو گئے تھے۔ زخمیوں میں سے ایک بچے نے اسپتال پہنچ کر دم توڑ دیا۔

افغان سی آئی ڈی ڈائریکٹر غلام علی نے میڈیا کو بتایا کہ اس علاقے میں طالبان نے بارودی سرنگیں بچھائی تھیں۔ جہاں ایک درجن سے زائد بچے خطرے سے بے خبر کھیل رہے تھے کہ اچانک دھماکا ہو گیا۔
افغان محکمہ صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دھماکے سے بری طرح زخمی بچوں میں سے دو بچوں کی ٹانگیں کاٹنا پڑی ہیں جس کی وجہ سے بچوں کی حالت نازک ہے۔ ٹانگوں سے محروم دونوں بچوں کو جوازجان اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ضرور پڑھیں   افغانستان میں تعلیمی ادارے کے باہرخودکش حملہ، 48 افراد ہلاک اورمتعدد زخمی

واضح رہے کہ فریاب کے علاقے کوہ سید پر طالبان نے تسلط حاصل کرلیا تھا جسے حال ہی میں واگزار کروایا گیا ہے۔ تاہم بارودی سرنگ پھٹنے کے واقعے پر طالبان کے ترجمان نے تاحال کسی قسم کا تبصرہ نہیں کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں