نیویارک: امریکی ریاست نیو میکسیکو کے شہر ایلبقرقی میں پولیس نے کہا کہ انہوں نے چار مسلمانوں کے قتل کے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے پولیس نے 51 برس کے افغان نژادمحمد سعید کو حراست میں لیا ہے ان پر دو افراد کے قتل کا الزام ہے پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے گھر سے آتشیں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے.
پولیس کا کہنا ہے کہ وہ تفتیش کاروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ دیگر دو ہلاکتوں سے بھی اس افغان باشندے کا تعلق معلوم کیا جا سکے واضح رہے کہ یہ اموات گذشتہ نو ماہ کے دوران ہوئیں جبکہ آخری تین ہلاکتیں گذشتہ دو ہفتے میں ہوئیں.
کاﺅنٹی پولیس چیف ہیرالڈ میڈینا نے پیشرفت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک گاڑی کا پتا لگایا جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ اسے ان حملوں میں استعمال کیا گیا اور اس گاڑی کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ قتل کی وجہ ذاتی تنازعات ہو سکتے ہیں پولیس نے بتایا کہ مشتبہ شخص کئی برس قبل افغانستان سے امریکہ آیا تھا.