چین کا مسافر طیارہ گر کر تباہ

بیجنگ : چین کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا ، طیارے 133 افراد سوار تھے‘ ہلاکتوں کی تعداد کے بارے میں معلوم نہیں ہوسکا ۔ چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق چائنا ایسٹرن ایئرلائن کا بوئنگ 737 طیارہ جس میں 133 افراد سوار تھے گوانگسی صوبے میں گر کر تباہ ہو گیا ، طیارہ گرنے کا یہ حادثہ ایک پہاڑی علاقے میں ہوا ، جس کی وجہ سے جنگل میں آگ لگ گئی۔

بتایا گیا ہے کہ پرواز MU5735 کو کنمنگ سے مقامی وقت کے مطابق دن ایک بج کر 15منٹ پر روانہ ہونے کے بعد گوانگژو کی طرف جارہی تھی کہ اس دوران حادثے کا شکار ہوگئی تاہم اس حادثے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی۔ ادھر ناروے میں نیٹو فوجی مشق میں حصہ لینے والا امریکی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ، جس کی وجہ سے طیارے میں موجود چاروں امریکی فوجی ہلاک ہو گئے ، غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ناروے میں نیٹو کی فوجی مشقیں جاری ہیں اور یکم اپریل تک جاری رہنے والی ان فوجی مشقوں میں رکن ممالک کے 30 ہزار فوجی، 200 طیارے اور 50 بحری جہاز حصہ لے رہے ہیں ۔

بتایا گیا ہے کہ ان فوجی مشقوں کے دوران امریکی جنگی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ، طیارے کے گرتے ہی آگ لگ گئی ، طیارے میں 4 امریکی فوجی اہلکار موجود تھے جو موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تاہم فوری طور پر حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی جب کہ پرواز کے وقت تیز ہوائیں چل رہی تھیں اور بارشیں بھی ہو رہی تھیں ، ممکنہ طور پر حادثے کی یہ وجہ ہوسکتی ہے جس کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں