حکومت کا تحریک عدم اعتماد واپس لینے کی صورت میں اپوزیشن کیلئے مثبت پیغام

اسلام آباد: حکومت نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد واپس لینے کی صورت میں اپوزیشن کے لیے مثبت پیغام دے دیا ، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن تحریک عدم اعتماد واپس لے ، دیکھتے ہیں انہیں بدلے میں کیا دیا جا سکتا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق آج ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے بعد سے حکومت اور اپوزیشن میں تلخیاں پیدا ہو گئی ہیں، زبان میں بھی تلخیاں پیدا ہو چکی ہیں ، ایسا نہ ہو کہ ووٹنگ کے دن تلخیاں اتنی بڑھ چکی ہوں جس کا نقصان پاکستان کو ہو ، اس لیے اپوزیشن تحریک عدم اعتماد واپس لے، دیکھتے ہیں انہیں بدلے میں کیا دیا جا سکتا ہے ۔

فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد سے پہلے ایمرجنسی ڈکلیئر کرنے کا کوئی تک نہیں بنتا، 18 ویں ترمیم کے بعد ایمرجنسی کے اختیارات محدود ہیں ، عدم اعتماد پر ووٹنگ کے دن ہمارا ڈی چوک پر ایک جلسہ ہوگا جس میں ان شاء اللہ 10 لاکھ لوگ شریک ہوں گے ، اس جلسے سے ایک چھوٹا سا ریفرنڈم بھی ہو جائے گا ، اس جلسے سے گزر کر اسمبلی میں ووٹ ڈالنے کے لیے لوگوں کو جانا ہوگا اور واپسی بھی اسی مجمع سے گزر کر ہو گی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں