اٹک :عدالت کے باہر قتل کرنے والا خود بھی عدالت کے باہر قتل

اٹک : احاطہ عدالت کے باہر مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک ملزم کو ہلاک کردیا، واردات کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق اٹک کی سیشن عدالت کے باہر قتل کیس کے ملزم کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ مقامی پولیس آج ملزم کو پیشی پر عدالت لائی تھی کہ مرکزی دروازے پر پہلے سے گھات لگائے ملزمان نے اس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ مقتول ملزم صدام حسین نے سال 2020ء میں عدالت کے باہر ایک شخص کو قتل کیا تھا جس پر مقدمہ چل رہا تھا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ مسلح ملزمان فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، تاہم تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے ملزمان کو جلد کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں