لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے خصوصی مراعاتی پیکج کا اعلان کر دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں جدید گرین انڈسٹریل اکنامک زون کے قیام کے منصوبے کی اصولی منظوری دیتے ہوئے اس پر عملدرآمد کے لیے جامع ایکشن پلان طلب کر لیا ہے۔
یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب سے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) کے وفد کی اہم ملاقات کے دوران سامنے آیا، جس میں چیئرمین او پی ایف سید قمر رضا نے گرین انڈسٹریل اکنامک زون کے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی، وفد نے او پی ایف اور گرین انرجی گروپ کے اشتراک سے پنجاب میں عالمی معیار کا گرین اکنامک زون قائم کرنے کی تجویز پیش کی، جس کا مقصد صاف توانائی، صنعتی ترقی، برآمدات اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
بریفنگ کے مطابق مجوزہ گرین اکنامک زون میں سولر، ونڈ، ہائیڈرو، گراؤنڈ سورس انرجی، بیٹری اسٹوریج اور ایچ وی او بیک اپ سسٹمز پر مشتمل جدید کلین انرجی انفراسٹرکچر قائم کیا جائے گا، جس سے صنعتوں کو ماحول دوست اور پائیدار توانائی میسر آئے گی۔
منصوبے کے تحت 18 ہزار سے زائد براہِ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہونے، سالانہ 5.6 ارب روپے سے زائد آمدن حاصل ہونے اور ماحول دوست مصنوعات کی برآمدات کے ذریعے قومی جی ڈی پی میں تقریباً 1.5 فیصد تک اضافے کی توقع ظاہر کی گئی، منصوبے سے کاربن کے اخراج میں نمایاں کمی اور پاکستان کے نیٹ زیرو اہداف کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔




