امریکی شہری ڈیڑھ کروڑ مالیت کا سامان ریکور کروانے پر لاہور پولیس کے گن گانے لگا

لاہور : صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں امریکی شہری سے ڈیڑھ کروڑ مالیت کا سامان لوٹ لیا گیا ، سامان ریکور ہوا تو امریکی شہری لاہور پولیس کے گن گانے لگا۔ تفصیلات کے مطابق ایس پی انوسٹی گیشن عیسیٰ سکھیرا کی جانب سے بتایا گیا کہ امریکی شہری نے لاہور کے علاقے ہنجروال میں کمپنی بنا کر سرمایہ کاری کی ، تاہم اس کی کمپنی کے منیجر نے امریکی شہری کا تمام سامان ہڑپ کر لیا ، جس کے بعد امریکی شہری نے داد رسی کے لیے سی سی پی او لاہور کو درخواست دی تو پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے اس کا سامان ریکور کروادیا۔

ڈیڑھ کروڑ مالیت کا سامان واپس ملنے پر امریکی شہری گیبرل کیرگ نے کہا ہے کہ لاہور پولیس نے جس طرح مدد کی ان کا مشکور ہوں۔
دوسری جانب موٹروے پولیس نے ایمانداری اور فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کر دی، ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ملتان سکھر موٹروے پولیس نے خاتون کا گمشدہ بیگ جس میں سونے کے زیورات بمعہ نقد رقم تھی تلاش کر کے واپس کر دیں ، رحیم یار خان سے سفر کرنے والی فیملی ملتان سروس ایریا کے واش روم میں خاتون کا بیگ بھول گئی تھیں ،

فیملی نے پیٹرولنگ آفیسر محمد رضوان اور ساجد علی کو بیگ کی گمشدگی اور اپنی پریشانی کے بارے میں اطلاع دی ، جس کی اطلاع ڈی ایس پی مسرور علی اور ایڈمن آفیسر عمران خان کو دی گئی جنہوں نے فون کر کے سروس ایریا کے واش رومز کو مقفل کروا دیا تھا ، ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق بیگ جس میں سونے کی بالیاں، انگوٹھیاں اور 10 ہزار روپے نقدی موجود تھے خاتون کے شوہر کو واپس کر دیا گیا ، اس موقع پر موجود افراد اور متعلقہ فیملی نے موٹروے پولیس افسران کا بروقت کارروائی پر شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں