گوجرانوالہ ،عالمی ریکارڈ کے لیے لگائے پودوں کو نامعلوم افراد نے رو ند ڈا لا

گوجرانوالہ : گوجرانوالہ میں 40سیکنڈ میں 52ہزار پودے لگانےکا عالمی ریکارڈ، نامعلوم افراد نے رات کے اندھیرے میں ہزاروں پودے روند ڈالے، حکومت کا ملزمان کو پکڑنے کے بعد 1سال قید اور 10لاکھ روپے جرمانے کی سزا دینے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ایچ اے، ایس اے حمید نے نجی ٹی وی کو بتایا ہے کہ حال ہی میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر 40 سیکنڈز میں 52 ہزار پودے لگانے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا گیا تھا۔

کچھ بلاکس میں نامعلوم افراد نے پودوں کو کاٹ دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایس اے حمید نے کہا کہ ان عناصر کی شناخت ہوگئی ہے اور اب ان پودوں کی جگہ نئے پودے لگائے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پودے کو نقصان پہنچانا ایک جرم ہے جس کی سزا پہلی مرتبہ اس جرم کا ارتکاب کرنے والے کے لیے 5 لاکھ روپے جرمانہ اور 6 ماہ قید ہے جبکہ اسے دہرانے والے کے لیے 10 لاکھ روپے جرمانہ اور ایک سال قید کی سزا ہے۔

چیئرمین پی ایچ اے نے کہا کہ ان تمام پودوں کو دن میں 2 مرتبہ پانی دیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے کا عملہ عالمی ریکارڈ کے لیے لگائے گئے پودوں کی دیکھ بھال کے لیے دن رات کام کررہا ہے۔ اس ضمن میں عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں تاکہ لگائے گئے پھلدار پودے بڑھ کر درخت بن سکیں۔دوسری جانب پودے لگانے کے منصوبے پر مسلم لیگ ن کے ایم پی اے توفیق بٹ نے پنجاب اسمبلی میں درخواست بھی جمع کرائی ، جس کے متن میں کہا گیا کہ جی ٹی روڈ پر بغیر پلاننگ پودے لگائے جارہے ہیں ، بڑی تعداد میں پودوں سے جی ٹی روڈ کے اطراف جنگل بن جائے گا ، جنگل بننے سے سیکورٹی مسائل ہوں گے، خوبصورتی ختم ہو جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں