گوجرانوالہ :50 ہزار پودوں کے ریکارڈ کی مخالفت کرنیوالے ن لیگی رکن اسمبلی کیخلاف مقدمہ درج

گوجرانوالہ : صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں 50 ہزار پودوں کے ریکارڈ کی مخالفت کرنے والے مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی توفیق بٹ کے خلاف پودے چوری کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ، اس حوالے سے ایف آئی آر تھانہ دھلے میں پی ایچ اے کے کیئر ٹیکر عرفان کی مدعیت میں درج کی گئی ، جس میں کہا گیا ہے کہ 11 اگست کی شام ساڑھے 4 بجے توفیق بٹ 7 نامعلوم افراد کے ہمراہ کار اور 2 رکشوں پر شاہین آباد آئے جہاں سے وہ ایک ہزار پودے اور ورلڈ ریکارڈ والے پینا فلیکس لے کر فرار ہوگئے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی نے گوجرانوالہ شہر میں 50 ہزار پودے لگانے کی مہم کی مخالفت کی تھی ، ایک منٹ میں 50 ہزار پودے لگانے کے منصوبے پر مسلم لیگ ن کے ایم پی اے توفیق بٹ نے پنجاب اسمبلی میں درخواست بھی جمع کرائی ، جس کے متن میں کہا گیا کہ جی ٹی روڈ پر بغیر پلاننگ پودے لگائے جارہے ہیں ، بڑی تعداد میں پودوں سے جی ٹی روڈ کے اطراف جنگل بن جائے گا ، جنگل بننے سے سیکورٹی مسائل ہوں گے اور خوبصورتی ختم ہو جائے گی۔

تاہم ن لیگی رکن اسمبلی کی مخالفت کے باوجود پاکستان نے صرف ایک منٹ میں سب سے زیادہ پودے لگا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا ، جس کے لیے طلباء نے ایک منٹ میں 50 ہزار پودے لگا کر بھارت کا 37 ہزاد پودے لگانے کا ریکارڈ توڑدیا ، یہ ریکارڈ صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں بنایا گیا جہاں سرکاری اسکولوں کے ساڑھے 12 ہزار طالب علموں نے پودے لگانے کی اس مہم میں حصہ لیا ، اس دوران طالب علموں کے ساتھ 600 ٹیچرز اور 6 ہزار ضلعی انتظامیہ کے عملے نے بھی پودے لگائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں