عوام پہلے سے کاٹ کر رکھا ہوا مرغی کا گوشت بلکل مت خریدیں

لاہور: پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے وائر ل بیماریوں کے باعث مرغیوں کی اموات کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ صحت مند مرغی کو اپنے سامنے ذبح کروا کر گوشت خریدیں اور کسی بھی صورت میں پہلے سے تیار شدہ گوشت مت خریدیں۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن سینٹر کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر ایس ایم قیصر سجاد نے کہا کہ ہمیشہ عوام کی صحت کے مسائل پر آواز اٹھائی ہے کیونکہ عوام کی صحت ہمارے لیے ہمیشہ سے ایک سنجیدہ مسئلہ ہے۔

حال ہی میں پریس اور میڈیا میں مرغیوں میں پھیلنے والی وائرل بیماریوں سے متعلق رپورٹ سامنے آئی ہیں ۔پی ایم اے نے کہا کہ بد قسمتی سے ایسی رپورٹس بھی میڈیا کے ذریعے سامنے آئی ہیں کہ کچھ ایسے بے حس اور لالچی لوگ اپنے مخصوص گاہکوں کو انتہائی کم قیمت پر مردہ مرغیوں کا گوشت بھی فروخت کر رہے ہیں ۔

مارکیٹ میں موجود ایسی کالی بھیٹریں معصوم لوگوں کی صحت اور زندگیوں سے کھیل رہے ہیں ۔

اس گھنا ئونے جرم میں ملوث کالی بھیٹروں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے اور انہیں قانون کے مطابق سزائیں دلوائی جائیں۔ پی ایم اے تمام صوبائی حکومتوں سے گزارش کی ہے کہ وہ اپنے اپنے خوراک کے محکموں کو متحرک کریں کیونکہ اگر عوام بیمارمرغیوں کا گوشت کھا رہے ہیں تو یہ ان کی ناکامی ہے اور ان کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

پی ایم اے کا کہنا تھا کہ پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن نے کچھ دن پہلے ان رپورٹس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ پولٹری فارمرکو ان وائرل بیماریوں کی وجہ سے مرغیوں کی کثیر تعداد میں اموات کے باعث بہت زیادہ نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔

ایسوسی ایشن کے مطابق مرغیوں کی شرح اموات اتنی زیادہ ہے کہ بہت سے فارمرز نے اپنا کاروبار بند کر دیا ہے ۔ ان رپورٹس سے پتہ چلتاہے کہ مرغیوں میں کس حد تک بیماریاں پھیل چکی ہیں اور نتیجتاً مارکیٹ میں غیر صحت مند گوشت فروخت ہو رہا ہے ۔ ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں