لاہور:سفاکیت کی انتہا، تین بہنوں نے جائیداد کے لیے چوتھی بہن کو قید کر لیا

لاہور : جائیداد کے تنازعات پر دو خاندانوں کا آپس میں جھگڑا تو عام بات تھی لیکن اب خونی رشتے بھی آپس میں جائیداد کی خاطر ایک دوسرے کی جان لینے کو تیار ہیں۔ کہیں کوئی بھائی اپنے بہن بھائیوں کی جائیداد ہتھیانے کو تیار ہیں تو کہیں کوئی بھائی جائیداد کے لیے اپنے سگے بھائی کی جان لینے کو تیار ہے یہی نہیں آج کے دور میں تو جائیداد کی لالچ میں اندھی ہو کر بہنیں بھی ایک دوسرے کی جانی دشمن بنی ہوئی ہیں۔

جائیدادوں نے نہ صرف خونی رشتے بُھلا دئے ہیں بلکہ ایک دوسرے کو لالچ میں مبتلا کر کے جانی دشمن بھی بنا دیا ہے۔ ایسا ہی ایک واقعہ حال میں ہی پیش آیا جہاں جائیداد کی لالچ نے بہنوں کا خون سفید کر دیا اور تین بہنوں نے مل کر چوتھی بہن کو قید کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقہ ہربنس پورہ میں بہنوں نے جائیداد کے لیے اپنی ہی بہن کو قید کرلیا۔

شازیہ اشرف کے رشتہ دار کی درخواست پر بیلف نے بازیاب کروایا۔ بیلف نے جوڑے پُل ہربنس پورہ الفیصل ٹاؤن میں چھاپہ مارا، جہاں تین خواتین اور 2 بچوں کو حبس بے جا سے بازیاب کروا لیا گیا۔ شازیہ اشرف کا کہنا ہے کہ نازیہ پروین، یاسمین، عظمیٰ اور بسمہ وہاب نے قید کیا جبکہ بہنوں نے جائیداد کے لیے ہمارے گھر پر حملہ کیا۔ ایڈیشنل سیشن جج شاہد حسین نے کیس پرسماعت کی۔

درخواستگزار کی جانب سے عمران خان اور محمد جاوید ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ عدالت نے تھانہ شمالی چھاؤنی سے جواب طلب کر لیا۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ہمارے پراپرٹی کے سول کیسز زیر سماعت ہیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ ماہ اس سے قبل بھی لاہورکے علاقہ ہڈیارہ میں سوتیلے بیٹے نے جائیداد کے تنازع پر ہیڈ کانسٹیبل باپ کو قتل کردیا اور فرار ہو گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں