سرکاری افسر نے پانی سمجھ کر سینیٹائزر پی لیا

ممبئی : بھارت کے صنعتی شہر ممبئی میں بمبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے جوائنٹ میونسپل کمشنر نے ایک اجلاس کے دوران پانی سمجھ کر سینیٹائزر پی لیا۔

ڈیلی میل کے مطابق بجٹ کمیٹی اجلاس کے دوران جوائنٹ میونسپل کمشنر ممبئی رمیش پوار بجٹ دستاویز دکھانے کے بعد نشست پر بیٹھے اور بیٹھتے ہی پانی کی بوتل کھول کر منہ کو لگالی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رمیش پوار جیسے ہی ایک گھونٹ منہ میں انڈیلتے ہیں تو اسی دوران ایک ملازم دوڑ کر ان کی طرف آتا ہے اور انہیں بتاتا ہے کہ یہ پانی نہیں سینیٹائزر ہے۔ اس بات کا احساس ہوتے ہی وہ سینیٹائزر تھوک دیتے ہیں اور پانی کی بوتل اٹھالیتے ہیں۔ اسی دوران عملے کے دیگر ارکان انہیں اجلاس سے باہر لے جاتے ہیں۔

یہ واضح نہیں ہوسکا کہ سینیٹائزر پینے کے بعد جوائنٹ میونسپل کمشنر ممبئی کے ساتھ کیا ہوا اور آیا ان کا طبی معائنہ بھی کرایا گیا ہے یا صرف وہ کلی کرکے ہی واپس آگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں