شکاگو : کورونا کے خوف کے پیش نظر شکاگو ائیرپورٹ پر تین ماہ تک چُھپنے والے مسافر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کورونا کے خوف کی وجہ سے مذکورہ مسافر تین ماہ تک شکاگو ائیرپورٹ پر چُھپا رہا جسے بالآخر پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ شکاگو کے محکمہ پولیس نے بھی مسافر کو گرفتار کرنے کی تصدیق کی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 36 سالہ آدیتیہ سنگھ 19 اکتوبر کو لاس اینجلس سے آیا تھا جس کے بعد سے ہی آدیتیہ 16 جنوری تک ائیرپورٹ کے سکیورٹی زون میں چُھپا رہا۔ 16 جنوری کو یونائیٹیڈ ائیرلائنز کے دو ملازمین نے آدیتیہ کو دیکھا اور اس سے شناخت دریافت کی۔آدیتیہ نے ائیرلائن کے ملازمین کو ایک بیگ دکھایا جس پر ایک شناختی بیج لگا ہوا تھا ، یہ شناختی بیج کسی آپریشن مینجر کا تھا جس نے کچھ روز قبل ہی اپنا بیگ گُم ہونے کی شکایت درج کروائی تھی۔
آدیتیہ پر ائیرپورٹ کے ممنوعہ حصے میں مجرمانہ طور پر داخل ہونے اور چوری کے الزامات عائد ہیں ۔ مذکورہ مسافر کا کہنا ہے کہ میں کورونا وائرس سے بہت زیادہ خوفزدہ تھا۔ اسی لیے میں تین ماہ تک ائیرپورٹ کے ایک محفوظ سیکشن میں چُھپا رہا۔ اسسٹنٹ اسٹیٹ اٹارنی کیتھلین ہیگرٹی نے مسافر کے حوالے سے کاؤنٹی جج کو بتایا کہ آدیتیہ کورونا کی وجہ سے گھر جانے سے گریز کر رہا تھا۔
ائیرپورٹ پر آنے والے اس مسافر کو کھانا فراہم کرتے تھے، اور اس کا کوئی مجرمانہ ماضی نہیں ہے۔ کاؤنٹی جج نے کیس پر شدید حیرانی کا اظہار کیا۔ جج نے ایک مسافر کے تین ماہ تک ائیرپورٹ کے سکیورٹی زون میں چُھپ کر رہنے پر بھی کئی شُبہات کا اظہار کیا۔ اٹارنی نے جج نے بتایا کہ آدیتیہ سنگھ لاس اینجلس کا شہری ہے اور اس کا کوئی مجرمانہ ماضی بھی نہیں ہے جس پر عدالت نے آدیتیہ سنگھ کو ایک ہزار ڈالر کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے دوبارہ اوہئیر ائیرپورٹ نہ آنے کی ہدایت کر دی۔ آدیتیہ کو 28 جنوری کو واپس بھیج دیا جائے گا۔