بھوپال : بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک 15 سالہ لڑکی کو دو لاکھ روپے میں فروخت کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دسویں جماعت کی 15 سالہ طالبہ نشاط پورہ کے علاقے میں ایک بیوٹی پارلر میں جایا کرتی تھی، اس کی وہاں کی مالکن سونا سے دوستی تھی۔ بائیس دسمبر کو طالبہ گھر سے نکلی اور اس کے بعد کہیں نہیں ملی، گھر والوں نے ہر جگہ ڈھونڈنے کے بعد 27 دسمبر کو پولیس سے رابطہ کیا۔
پولیس نے تحقیقات کرتے ہوئے لڑکی کو رتلام سے بازیاب کرالیا۔ پولیس کے مطابق سونا نے طالبہ کو گاندھی نگر میں اپنی بہن مونا کے پاس بھیجا تھا جو اسے ایک ٹیکسی میں لے کر رتلام گئی اور اسے پوجا نامی خاتون کے حوالے کردیا۔ پوجا نے نابالغ طالبہ کو دو لاکھ روپے میں مہیش راٹھور نامی شخص کو فروخت کردیا۔
پولیس نے دونوں بہنوں مونا ، سونا اور مہیش راٹھور کو گرفتار کرلیا ہے جس نے تفتیش کے دوران انکشاف کیا کہ اس نے شادی کیلئے نابالغ لڑکی خریدی تھی۔ دیگر دو ملزمان پوجا اور ڈرائیور تاحال فرار ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔