گوادر میں دہشت گردی کی کوشش ناکام، خاتون سمیت 10 دہشت گرد جہنم واصل

راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے گوادر میں بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کی کوشش ناکام بنا دی، خاتون دہشت گرد سمیت 10 دہشت گرد جہنم واصل کر دیئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گوادر میں گبد بارڈر کراسنگ اور شہر کے مختلف علاقوں میں بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی کی کوشش کی گئی جو سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنائی۔

سکیورٹی فورسز نے گوادر میں دہشت گردوں کے خلاف کلیئرنس آپریشنز کیے جن میں ایک خاتون دہشت گرد سمیت 10 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ دہشت گردی کے واقعات میں ایک شہری شہید ہوا اور چند گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے بلوچستان کے عوام کو نقصان پہنچانے اور صوبے کی ترقی و خوشحالی روکنے کی کوشش کی، آپریشنز کے دوران سکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

گوادر میں کلیئرنس آپریشنز مکمل کر کے علاقے میں امن و امان اور ریاستی عمل داری بحال کر دی گئی، دہشت گردوں کی جانب سے بلوچ خاتون کو حملے کے لیے استعمال کرنا بلوچ خواتین کی حرمت کے خلاف جرم ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد بلوچ خواتین کو اپنے مذموم مقاصد اور پروپیگنڈے کے لیے استعمال کر رہے ہیں، بلوچستان کے عوام اپنے نام پر خون بہانے والوں کو مسلسل مسترد کرتے آئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں