اسرائیل غزہ میں نہتے فلسطینیوں کا قتل عام کر رہا ہے: امریکی فوجی افسر

لندن: امریکی سپیشل فورسز کے سابق لیفٹیننٹ کرنل انتھونی اگوئی لیرا نے غزہ میں خوراک پروگرام کی آڑ میں بھوک سے نڈھال نہتے فلسطینیوں کے قتلِ عام سے پردہ اُٹھا دیا۔

امریکی سپیشل فورسز کے سابق لیفٹیننٹ کرنل نے بتایا کہ اُنہوں نے اسرائیلی ڈیفنس فورسز کو جنگی جرائم کا ارتکاب کرتے دیکھا، اسرائیلی فوجیوں نے توپوں کے گولے، مارٹر اور ٹینک کے گولے نہتے شہریوں پر فائر کیے۔

لیفٹیننٹ کرنل انتھونی نے برطانوی نشریاتی ادارے پر واضح کیا کہ اسرائیلی فوجیوں نے مکاوا ٹینک سے گولے فائر کر کے عام شہریوں کی گاڑی کو تباہ کیا جو گاڑی چلا رہے تھے۔

اسرائیلی جارحیت سے پردہ اُٹھانے والے لیفٹننٹ کرنل غزہ میں تعینات امریکی سکیورٹی گارڈز میں شامل تھے اور وہاں سے اُس وقت واپس لوٹ آئے تھے جب انہوں نے اپنے امریکی اور اسرائیلی ساتھیوں کو فلسطینی شہریوں کا قتل عام کرتے دیکھا۔

سابق لیفٹیننٹ کرنل کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے پورے فوجی کیرئیر میں درندگی کا ایسا لیول اور عام شہریوں کے خلاف فورسز کا بے دریغ طاقتور استعمال نہیں دیکھا جو اندوہناک مناظر غزہ میں غیر مسلح عام شہریوں کے خلاف دیکھے، میں بغیر کسی شک و شبہ اسے اسرائیلی فورسز کی جانب سے جنگی جرائم کہوں گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں