پشاور کے 4 ہسپتالوں میں کورونا کے 700 سے زائد مریض زیر علاج

پشاور : پشاور کے ہسپتالوں پر کورونا سے متاثرہ مریضوں کا دبائو بڑھنے لگا ، پشاور کے چاروں ہسپتالوں میں مجموعی طور پر 700 سے زیادہ مریض زیر علاج ہیں۔ہسپتال حکام کے مطابق پشاور کے ہسپتالوں میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہونے لگا، لیڈی ریڈنگ ہسپتال ، خیبر ٹیچنگ ہسپتال، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اور نشترآباد کورونا ہسپتال میں مجموعی طور پر707مریض زیر علاج ہیں۔

خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں مختص شدہ 106 بیڈزمیں سے 103 بیڈز پر مریض زیر علاج ہیں، لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں 396 کورونا مریض زیرعلاج ہیں جن میں 34مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں 146 کورونا مریض زیرعلاج ہیں جن میں 28 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق نشتر آباد کوویڈ ہسپتال میں کورونا وائرس سے متاثرہ 59 مریض زیرعلاج ہیں جن میں 1 کورونا مریض وینٹی لیٹر پر ہے۔

خیبر پختونخوا میں کورونا ویکسی نیشن کی تفصیلات کے مطابق صوبے میں 24 گھنٹوں میں 7ہزار 745 ہیلتھ ورکرز اور بزرگ شہریوں کی ویکسی نیشن کی گئی ہے،303 ہیلتھ ورکرز کوکورونا ویکسین کی پہلی خوارک دی گئی ہے۔محکمہ صحت کے مطابق خیبر پختونخوا میں 703 ہیلتھ ورکرز کو ویکسین کی دوسری خوراک دی گئی، جبکہ صوبے میں ایک ہزار 141 بزرگ شہریوں کو ویکسین کی سنگل ڈوز دی گئی ہے۔خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹوں میں 3ہزار 623 بزرگوں کو ویکسین کی دوسری خوراک دی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں