راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کرتے ہوئے 74 دہشت گرد ہلاک کر دیئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میر علی اور اورکزئی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے، گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران میر علی میں 35 جبکہ اورکزئی میں 8 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔
بتایا گیا ہے کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کو بھاری نقصان پہنچایا گیا، آپریشنز کے دوران اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد اور آئی ای ڈیز بھی برآمد کر لی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں، ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن عزمِ استحکام پوری رفتار سے جاری رہے گا۔
دوسری طرف بلوچستان کے ضلع کوئٹہ کے علاقے کرم میں سکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن جاری ہے، مختلف جھڑپوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 31 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز نے متعدد دہشت گرد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے آپریشنز جاری رہیں گے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی مسلسل کامیابیاں قومی عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہیں، پاکستان کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے لیے بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں تباہ کرنے اور بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کو سراہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے جوان ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے دن رات میں مصروفِ عمل ہیں، نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ پوری قوت سے جاری رہے گی۔




