توشہ خانہ فوجداری کیس: قانونی تقاضے پورے کر کے کیس چلایا جائے گا،عدالت

اسلام آباد: اسلام آباد کی ایڈیشنل سیشن میں توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت عمران خان کی عدم پیشی کی وجہ سے دوپہر 2 بجے تک ملتوی کردی گئی ہے۔

اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت کی، ن لیگی رہنما محسن شاہنواز رانجھا اور الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن بھی عدالت پیش ہوئے۔

عدالتی استفسار پر عمران خان کی عدم پیشی پر جونیئر وکیل سردار مصروف نے کہا کہ انہیں عمران خان کی پیشی کا علم نہیں، سینئر وکلا کی ٹیم ہی کچھ بتا سکتی ہے۔

فاضل جج ظفر اقبال نے استفسار کیا کہ کیا عمران خان کے ضامن بھی پیش نہیں ہوئے؟ ضامن اس بات کے پابند ہیں کہ عمران خان عدالت پیش ہوں۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ پیشی کا صبح صبح بتا دیا کریں، وقت کیوں ضائع کرتے ہیں؟ عدالت نے سماعت کچھ دیر کے لئے ملتوی کردی۔

وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو عمران خان کی جانب سے شیر افضل مروت ایڈووکیت عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

شیر افضل مروت ایڈووکیت نے کہا کہ وہ ایک دو دن تک وکالت نامہ جمع کرادیں گے، عمران خان کی لیگل ٹیم اسلام آباد ہائی کورٹ میں موجود ہے، اگلے ہفتےکوئی تاریخ دے دیں۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ عمران خان کی طلبی کے لیے سماعت چل رہی ہے، جس پر شیر افضل مروت نے کہا کہ دنیا میں عمران خان کے حوالے سے تماشا چل رہا ہے، عمران خان کی صحت خراب ہے، معذوری کی حالت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں