آڈیو، ویڈیو لیکس کا معاملہ: عمران کا چیف جسٹس سمیت سپریم کورٹ کے ججز کو خط

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے غیرمصدقہ آڈیواور ویڈیو لیکس کے تدارک کے معاملے پر چیف جسٹس پاکستان سمیت سپریم کورٹ کے تمام ججز کو خط لکھ دیا۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے معاملے پر گزشتہ سال اکتوبر میں دائر آئینی درخواست فوری سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے آرٹیکل 14 کے تحت شہریوں کے پرائیویسی کے حق کے تحفظ کیلئے اقدامات کی بھی استدعا کی ہے۔

عمران خان نے خط میں کہا کہ گزشتہ کئی ماہ سے غیرمصدقہ آڈیوز، ویڈیوز کے منظرعام پر آنے کا سلسلہ جاری ہے، آڈیوز ویڈیوز کو جعلی طریقوں سے تیار کیا جاتا ہے، جعلی آڈیوز ویڈیوز کے ذریعے تنقیدی آوازوں کو دبایا جانا مقصود ہے۔

خط میں عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے اکتوبر 2022 میں ان آڈیو لیکس پر عدالت کے روبرو ایک آئینی درخواست دائرکی تھی، بدقسمتی سے اب تک میری یہ درخواست سماعت کے لیے مقرر نہ کی جاسکی، میری درخواست کے بعد معاملات بہتری کے بجائے مزید ابتری کا شکار ہوگئے، آئین کی صریح خلاف ورزیوں پر کسی قسم کا محاسبہ نہیں ہوا، ان میں ملوث کردار مزید بے خوف ہو کر اس جعلی مواد کو فروغ دے رہے ہیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ حال ہی میں سابق وزیراعلیٰ اور جج سپریم کورٹ کی مبینہ گفتگو سوشل میڈیا پر جاری کی گئی، واضح ہو چکا کہ اب عوام معمول کے تحت اس خفیہ نگرانی و ریکارڈنگز کا نشانہ بن رہے ہیں، ان ریکارڈنگز کو کانٹ چھانٹ، توڑ مروڑ اور ردوبدل کرکے منظرِعام پر لانے کا سلسلہ جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں