وزیراعظم کا اسرائیل کی جانب سے غزہ میں مسلسل مظالم پر اظہارِ تشویش

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ کے بہادر فلسطینی عوام کو بنیادی انسانی امداد سے محروم رکھنے کے لیے اسرائیل کی جانب سے مسلسل غیر قانونی اقدامات پراظہار تشویش کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ غزہ میں خیموں کے زیرِ آب آنے، بے گھر فلسطینی بچوں کے بے یار و مددگار ہونے، شدید سردی اور بھوک کا سامنا کرنے کے دل دہلا دینے والے مناظر انتہائی افسوسناک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں، بین الاقوامی قوانین کی پامالی اور فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کی مسلسل جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے وزارتِ خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ انسانی امداد کی فوری فراہمی میں اضافے کے لیے تمام ممکنہ ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔

خیال رہے کہ غزہ میں شدید بارشوں کے باعث 70 ہزار خیمے زیر آب آگئے ہیں جس سے 3 لاکھ 50 ہزار بے گھر افراد متاثر ہوئے، حماس نے خیموں کے زیر آب آنے کو اسرائیلی محاصرے کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

حماس کے مطابق شدید بارشوں نے غزہ کے محاصرے کی سنگینی بے نقاب کردی ہے، اسرائیل اور امن کونسل غزہ میں بے گھر افراد کی مشکلات کے ذمہ دار ہیں، انسانی امداد کی فراہمی میں رکاوٹیں انسانی بحران کو مزید گہرا کر رہی ہیں۔

حماس نے مطالبہ کیا ہے کہ بے گھر خاندانوں کو خیموں کے بجائے محفوظ پناہ گاہیں فراہم کی جائیں، اسرائیل ہنگامی پناہ گاہوں، گرمائش کے آلات اور مرمتی سامان کی فراہمی روک رہا ہے۔

حماس کا کہنا ہے کہ غزہ میں 3 لاکھ خیموں کی فوری ضرورت ہے، ثالث اور ضامن ممالک غزہ میں امدادی سامان کی مسلسل فراہمی یقینی بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں