پی ٹی آئی پنجاب کے ایم این ایز کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل

لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 70 ایم این ایز میں سے پنجاب کے اراکین قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔

لاہور ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی رہنماؤں شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، اسد عمر اور فواد چودھری سمیت 70 اراکین قومی اسمبلی کی درخواست پر سماعت ہوئی جس میں سپیکر قومی اسمبلی، الیکشن کمیشن اور دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سپیکر نے استعفے منظور کرنے سے پہلے ممبران اسمبلی کا مؤقف نہیں لیا، الیکشن کمیشن نے استعفے منظور ہونے کے بعد ممبران کو ڈی نوٹیفائی کر دیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کے اقدام کو کالعدم قرار دے اور الیکشن کمیشن کو متعلقہ حلقوں میں ضمنی انتخابات کے انعقاد سے روکے۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن سے متعلق فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی پنجاب کے اراکین کے استعفے منظور کرنے کے اقدام کو کالعدم قرار دے دیا، لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو متعلقہ حلقوں میں ضمنی انتخابات کا انعقاد کروانے سے بھی روک دیا۔

لاہور ہائی کورٹ میں سپیکر کے نوٹیفکیشن سے متعلق سماعت 7 مارچ کو ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں