مریم نواز کی ن لیگ کو موجودہ حالات سے بری الزمہ قرار دینے کی کوشش

لاہور : ن لیگ کی سنیئر نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے اس حکومت کی کارکردگی ہماری پارٹی پر نہیں ڈالی جا سکتی۔ تفصیلات کے مطابق سنیئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز کی یوتھ کے نمائندوں سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔ مریم نواز نے ن لیگ کو موجودہ حالات سے بری الزمہ قرار دینے کی کوشش کی۔

اے آر وائے نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ مریم نواز نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اس حکومت کا حصہ نہیں ہوں یہ میری حکومت نہیں،اس حکومت کی کارکردگی ن لیگ پر نہیں ڈالی جا سکتی۔ قبل ازیں مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کا بیانیہ تو بے بنیاد الزامات ہے،ہم تو سچ بولتے ہیں۔عمران خان نے جیل بھر و تحریک کی بات کی،عمران خان نے بیانیے کے لیے سوشل میڈیا کی مدد لی،ہمیں بھی سوشل میڈیا پر ردعمل دینا پڑتا ہے،نواز شریف اور شہباز شریف نے آسان قسطوں پر قرضے دیئے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں لوگوں نے چھوٹے کاروبار کیے اور وہ قرضے واپس بھی کیے جب کہ عمران خان لوگوں کے بچوں کو کہتے ہیں جیلیں بھرو۔ عمران خان جیبیں بھریں اور لوگوں کے بچے جیل جائیں،لوگوں کے بچے جیلیں کیوں بھریں۔عمران خان نے قوم کو تقسیم کر دیا،آج قوم کو ایک پیج پر آنے کی ضرورت ہے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان نے لوگوں کو ذہنی مریض بنانے کی کوشش شروع کی،عمران خان نے لوگوں کو نوکریاں دینے کا جھانسہ دیا۔

مجھے علم تھا اور پہلے بھی بتایا تھا کہ سائفر کچھ نہیں،سائفر ایک فراڈ تھا، آج میں پوچھ سکتی ہوں حقیقی آزادی کا مطلب کیا تھا۔ہم کوئی غلام ہیں، امر بالمعروف، غلامی نا منظور، ان نعروں کا کیا ہوا؟۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اردو میں بتائیں آپ نے لوگوں کو دھوکا دیا،عمران خان جو خط لہراتے تھے وہ بیانیہ کدھر تھا؟عمران خان نے امریکا کو باعزت بری کر دیا اور خارجہ تعلقات کو خطرے میں ڈال دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں