اسلام آباد : حکومت نے عوام کو آسان قسطوں پر سمارٹ موبائل فون فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ’سمارٹ فون فار آل‘ کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے بتایا کہ سمارٹ فون فار آل سکیم کے تحت ہر فرد 20 سے 30 فیصد ادائیگی پر کوئی بھی موبائل فون حاصل کرسکے گا، سمارٹ فونز کو اقساط میں لینے کے لیے کسی ضمانت یا کاغذی کارروائی کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ صرف شناختی کارڈ پر موبائل فون کا حصول ممکن ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے ذریعے 10 ہزار سے ایک لاکھ روپے مالیت تک کے اسمارٹ فونز 3 سے 12 ماہ کی اقساط میں حاصل کیے جاسکیں گے تاہم اگر کسی فرد کی جانب سے اقساط کی ادائیگی نہیں کی گئی تو فون کو لاک کردیا جائے گا جس کے بعد وہ دنیا میں کہیں بھی استعمال نہیں ہوسکے گا، اس سکیم کا مقصد عام آدمی تک سمارٹ فون پہنچانا اور چھوٹے کاروباری افراد کو ای کامرس کی جانب لانا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کنکٹیویٹی سہولیات کے لیے 65 ارب روپے سے 70 سے زائد پروجیکٹس پر کام جاری ہے، پاکستان میں 1989میں موبائل فون آیا لیکن ماضی میں پاکستان کی کسی حکومت نے ملک میں موبائل فون بنانے کا نہیں سوچا لیکن ہمیں میڈان پاکستان پر کام کرنا ہے، اسی سوچ کے تحت پاکستان میں موبائل فونز کی تیاری کیلئے قانون سازی کی جس کے نتیجے میں آج 29 کمپنیاں پاکستان میں موبائل تیار کر رہی ہیں۔