فیصل آباد: خاتون کا روپ دھار کر بیوٹی پارلر پر کام کرنے والا نوجوان پکڑا گیا۔ مقامی تھانے کے پولیس نے پارلر پر چھاپہ مارا تو ارسلان نامی نوجوان لڑکیوں والے کپڑے پہنے ہوئے کام میں مصروف تھا جس پر اسے حراست میں لے لیا گیا ۔ملزم کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔ جبکہ بیوٹی پارلر کی مالکہ موقع سے فرار ہو گئی، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق شہریوں کی طرف سے شکایت ملی تھی کہ ڈاکخانہ بازار میں نازیہ نامی خاتون نے ایف کنول بیوٹی پارلر کھول رکھا ہے جہاں پر خواتین اپنے بنائو سنگھار کیلئے آتی ہیں اور مذکورہ خاتون نے نوجوان ارسلان کو خواتین کے کپڑے پہنا کر خواتین کو دھوکہ دیتے ہوئے میک اپ کرواتی ہے جس پر تھانہ سٹی جڑانوالہ کے ایس آئی ظفر خان نے چھاپہ مارا تو بیوٹی پارلر کی مالکہ نازیہ بی بی موقع سے بھاگ گئی جبکہ وہاں پر خاتون کا روپ دھار کر خواتین کا میک اپ کرنے والے نوجوان ارسلان کو پکڑ لیا اور اسکی درگت بنانے کے بعد حوالات میں بند کر دیا اور اس کے خلاف 354 اور 420 ت پ کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
اس حوالے سے ترجمان پنجاب پولیس نے بھی بیان جاری کیا ہے۔پنجاب پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر تصاویر شئیر کرتے ہوئے بتایا کہ فیصل آباد پولیس نے لڑکی کے بھیس میں بیوٹی پارلر چلانے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم ایک خاتون کے ساتھ مل کر عورت کے روپ میں پارلر چلا رہا تھا۔ملزم کے خلاف مزید قانونی کاروائی جاری ہے۔
Load/Hide Comments