شدید سیلاب کے باعث اب تک ملکی معیشت کو کم از کم 10 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا

اسلام آباد : پاکستانی حکام نے ابتدائی طور پر تخمینہ لگایا ہے کہ شدید سیلاب نے ملکی معیشت کو کم از کم 10 ارب ڈالر کا نقصان پہنچایا ہے۔ جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے انکشاف کیا کہ سیلاب کے باعث پاکستان کو کم از کم 10ارب ڈالر کے نقصان کا اندازہ لگایا گیا ہے،یہ ابتدائی جائزے ہیں جو حالات کا سروے کرنے کے بعد مزید بڑھ سکتے ہیں۔

اتوار کی رات ان سے رابطہ کرکے حالیہ سیلاب کے نتیجے میں ملک کو پہنچنے والے نقصانات بارے دریافت کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ معیشت کے مختلف شعبوں کو کم از کم 10ارب ڈالر کے نقصانات کا سامنا کرنا پڑا،انہوں نے کہا کہ ان کے پاس اس وقت معیشت کے ہر شعبے کو درپیش نقصانات کی تفصیلات نہیں ہیں۔

ملک میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے ابتدائی تخمینہ پر ڈونرز کو اعتماد میں لینے بارے سوال پر انہوں نے کہا کہ حکومت نے ابھی تک ڈونرز کو اعتماد میں نہیں لیا،اعلیٰ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد عالمی برادری سے مالی امداد کی درخواست کرے گا، پھر حکومت اور عطیہ دہندگان الگ الگ یا مشترکہ طور پر نقصانات اور پھر درست اعداد و شمار پر مفاہمت کی جائے گی۔

لیکن سب سے پہلے حکومت سیلاب کی حالیہ تباہی میں بے گھر ہونے والے متاثرین کو بچانے کے لیے تمام تر امدادی سرگرمیوں پر توجہ دے گی۔ پھر انسانی جانوں کے ضیاع اور زخمی ہونے والے افراد کے نقصانات اور بنیادی ڈھانچے کے نقصانات کا اندازہ لگایا جائے گا، اس کے علاوہ مویشیوں کے نقصانات،زراعت کے شعبے،کاروباری نقصانات اور مکانات کو اور دکانوں کے نقصانات وغیرہ کا پتہ لگانے کیلئے نقصان کا صحیح اندازہ لگایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں