فیصل آباد :غربت سے تنگ باپ نے 2 بیٹیوں کے گلے کاٹ کرخودکشی کر لی

فیصل آباد: فیصل آباد میں غربت سے تنگ باپ نے 2 بیٹیوں کے گلے کاٹ کر خود بھی خودکشی کر لی۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے تیسرے بڑے شہر فیصل آباد میں انتہائی دلخراش واقعہ پیشن آنے کا انکشاف ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق غربت سے پریشان اور بیوی کی وفات کے بعد بیٹیوں کی کفالت کرنے سے قاصر مجبور باپ نے اپنی بیٹیوں کو بے دردی سے قتل کر کے خود کی بھی جان لے لی۔

بتایا گیا ہے کہ اہل محلہ کی شکایت پر پولیس جب جائے وقوعہ پر پہنچی تو اسے باپ اور بیٹیوں کی لاشوں کے قریب سے ایک خط ملا۔

بتایا گیا ہے کہ مجبور باپ نے انتہائی قدم اٹھانے سے قبل لکھے گئے خط میں بتایا کہ بیوی کی وفات کے بعد نوکری نہ ملنے سے بہت پریشان ہوں، مالک مکان کا کرایہ دینا ہے ، انہوں نے تنگ کیا ہوا ہے، جبکہ اپنے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ پولیس کے مطابق خط میں مزید لکھا ہے کہ ہماری لاشیں ایدھی ویلفیئر کو دے دی جائیں اور لاشوں کا پوسٹ مارٹم نہ کیا جائے، ہماری اجتماعی قبریں بنائی جائیں اور گھر کا سامان بھی ایدھی ویلفیئر کو دے دیا جائے ۔ پولیس کے مطابق لاشوں کو تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ اس تمام معاملے کی تفتیش کا بھی باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں