ایم کیوایم کا معاہدوں پرعملدرآمد کیلئے وزیراعظم شہبازشریف سے ثالثی بننےکا مطالبہ

کراچی: ایم کیوایم رابطہ کمیٹی نے حکومتی معاہدوں پرعملدرآمد نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا، ایم کیوایم نے حکومتی معاہدوں پرعملدرآمد کیلئے وزیراعظم شہبازشریف سے ثالثی کا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کردیا، پیپلزپارٹی نے عدالتی فیصلے کے مطابق بلدیاتی ایکٹ تیار کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ ہم نیوز کے مطابق ایم کیوایم پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی کی زیرصدارت ایم کیوایم رابطہ کمٹیی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ایم کیوایم رابطہ کمیٹی نے حکومتی معاہدوں پرعملدرآمد نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔

اجلاس میں ایم کیوایم نے وزیراعظم شہبازشریف سے ثالثی کا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ ایم کیوایم نے صوبائی سطح پر کیے گئے معاہدے پر صوبائی حکومت کے رویے کو غیرذمہ دارانہ قرار دیا۔

ایم کیوایم نے سندھ حکومت پر سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف مردم شماری کرانے کا بھی الزام کیا۔ ایم کیوایم رابطہ کمٹیی نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے عدالتی فیصلے کے مطابق بلدیاتی ایکٹ تیار کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، 3 ماہ کے دوران متعدد بار مذاکرات ہوئے مگر سندھ حکومت نے غیرسنجیدگی کا مظاہرہ کیا۔

ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ سندھ میں حلقہ بندیاں الیکشن کمیشن کے بجائے صوبائی حکومت نے کیں، سندھ حکومت کی جانب سے کی گئی حلقہ بندیاں تعصب اور دھاندلی کا مظاہرہ ہے، ایم کیوایم نے وعدے کے مطابق حکومت بنانے میں اہم کردار ادا کیا، ایم کیوایم کے ساتھ اتحاد کو برقرار رکھنا وفاق اور صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، ایم کیوایم پر موجودہ صورتحال میں فیصلہ کرنے کیلئےکارکنان اور عوام کا دباو بڑھ رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں