دادو میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کی امداد کیلئے ایک کروڑ روپے جاری

اسلام آباد:وفاقی حکومت نے دادو میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کی امداد کیلئے ایک کروڑ روپے جاری کردیے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کو دادو میں فیض محمد دریانی چانڈیو گاؤں میں آگ لگنے کے واقعے کی رپورٹ پیش کردی گئی ، جس کے بعد جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کی امداد کے لیے وفاقی حکومت کی طرف سے ایک کروڑ روپے جاری کردیے گئے ، وزیراعظم شہباز شریف نے ضلعی انتظامیہ کو متاثرین کی بحالی تک ہر ممکن امداد فراہم رکھنے کی ہدایات جاری کردی ۔

انہوں نے کہا ہے کہ سانحے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں پوری قوم برابر کی شریک ہے ، زخمیوں کے علاج میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے ، ضلعی انتظامیہ ایسے اقدامات کو یقینی بنائے کہ مستقبل میں ایسا سانحہ نہ ہو ، غفلت کا پتہ چلنے پر ذمہ داران کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔

ادھر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ دادو میں آگ لگی تو رسپانس آہستہ تھا ، میں خود اس گاؤں میں گیا تھا ، میں تسلیم کرتا ہوں کہ امداد کا کام بہت سست تھا ، فون پہ رابطہ میں تھے دیر سے پہنچنے والوں کے خلاف انوسٹیگیٹ کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جن کے گھر جلے ہیں اور نقصان ہوا ہے انہیں گھر بنا کر دیں گے۔

دوسری طرف سینئر صحافی مبشر زیدی نے دادو کے گاوں میں آگ لگنے کے واقعے کے حوالے سے افسوسناک انکشاف کیا ہے ، سینئر صحافی کے مطابق سندھ کا گوٹھ فیض محمد چانڈیو کل رات سے آج صبح 11 گھنٹوں تک جلتا رہا ، 9 بچے مر گئے مگر کوئی فائر بریگیڈ کی گاڑی اور ایمبولینس نا پہنچی، سندھ حکومت کہاں تھی کچھ پتا نہیں، غریبوں کے لئے سندھ صرف قتل گاہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں