ہم نے ڈوبتی کشتی کو کنارے لگانا ہے ، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم غربت، بے روزگاری اور افراط زر جیسے چیلنجز سے نبرد آزما ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا جس میں وفاقی کابینہ میں شامل اراکین نے شرکت کی۔ وفاقی کابینہ کو ملکی معیشت اور امن و امان سمیت مختلف امور پر بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر وفاقی کابینہ کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کابینہ ارکان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ ہم نے بڑی محنت سے ایک جھرلو حکومت کو گھر بھیجا۔ ان کا کہنا تھا کہ تجربہ کار افراد کابینہ میں ہیں جنہوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں، آپ کی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں جس نے آپ کو یہ ذمہ داری سونپی، عوام کو جو توقعات آپ سے ہیں آپ خلوص سے پانسہ بدل دیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مشکلات کے خلاف جنگ میں گزشتہ حکومت بری طرح ناکام رہی۔ شہباز شریف کا کہناتھا کہ میں کابینہ ارکان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ملک کیلئےآپ کی بہت قربانیاں ہیں، عدم اعتماد کے نتیجے میں اللہ تعالی نے ہمیں کامیابی عطا فرمائی، ہمارا اتحاد ذاتی پسند و ناپسند سے بالاتر ہو کر قوم کی خدمت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے، مشکلات ضرور آئیں گی لیکن دیکھنا ہو گا ان کا حل کیسے کرنا ہے، ہم نے ڈوبتی کشتی کو کنارے لگانا ہے۔

بلوچستان کے عوام کے مسائل پر بھرپور توجہ دینی ہو گی، دیگر صوبوں کے معاملات پر بھی غور کریں گے۔ ہمارے پاس جادو کی چھڑی نہیں کہ مسائل فوری حل ہو جائیں۔ مگر چینی کہاوت ہے کہ جہاں چیلنج ہے وہاں موقع بھی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں