شہباز شریف حکومت کی وفاقی کابینہ میں شامل مکنہ وزیروں کے نام اور تعداد سامنے آگئی

اسلام آباد : اپوزیشن کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار شہبازشریف کی کامیابی کی صورت میں ان کی حکومت میں وفاقی کابینہ میں شامل مکنہ وزیروں کے نام اور تعداد سامنے آگئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت عظمیٰ کے لیے اپوزیشن اتحاد کے امیدوار شہباز شریف نے اپنی کابینہ کی تشکیل کے لیے اتحادیوں کے ساتھ مشاورت شروع کردی ، کابینہ میں مسلم لیگ ن کے 12 اور پیپلز پارٹی کے 7 وزراء ہوں گے جب کہ جے یو آئی ف کو 4 ، ایم کیو ایم کو 2 اور بی این پی مینگل ، اے این پی ، جمہوری وطن پارٹی اور بلوچستان عوامی پارٹی کو ایک ایک وزارت دی جا ئے گی۔

ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا گیا ہے کہ محسن داوڑ، اسلم بھوتانی اور طارق بشیر چیمہ کو بھی وفاقی کابینہ میں شامل کیے جا نے کا امکان ہے ، مسلم لیگ ن کی طرف سے خواجہ آصف ، سعد رفیق ، خرم دستگیر ، احسن اقبال ، مریم اورنگزیب ، شائستہ پرویز ملک ، رانا ثنا ء اللہ اور مرتضیٰ جا وید عباسی کو کابینہ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے جب کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری وزیر خارجہ ہو سکتے ہیں تاہم شازیہ مری کا نام بھی زیرغور ہے۔

اس کے علاوہ پیپلز پارٹی سینیٹ سے شیری رحمان یا مصطفیٰ نواز کھوکھر میں سے ایک کو وزارت دے گی جب کہ سینیٹ میں قائد ایوان کے لیے مسلم لیگ ن کے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کے نام پر غور کیا جارہا ہے ، جے یو آئی ف نے بلوچستان یا خیبرپختونخوا میں سے کسی ایک صوبے کی گورنری کا مطالبہ کیا ہے ، پیپلز پارٹی کو پنجاب اور ایم کیو ایم کو سندھ میں گورنر کا عہدہ دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں