شہباز شریف نے سراج الحق سےتحریک عدم اعتماد پر حمایت مانگ لی

اسلام آباد :پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ملاقات میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر حمایت طلب کرلی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ملاقات کی ، اس دوران دونوں قائدین نے تحریک عدم اعتماد سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ، اس موقع پر شہباز شریف نے سراج الحق سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر حمایت مانگی تو امیر جماعت اسلامی نے اس معاملے پر پارٹی کی شوریٰ سے مشاورت کے بعد جواب دینے کی حامی بھر لی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ حکومت ہر معاملے میں ناکام ہوئی ، اس کی وجہ سے پی ٹی آئی کے اپنے لوگ ہی نالاں نظر آتے ہیں تاہم شہبازشریف سے کہا کہ افراد کی تبدیلی کسی مسئلے کا حل نہیں ، شہبازشریف کو تجویز دی کہ عوام سے رجوع کیا جائے ، نئے مینڈیٹ کے لیے ضروری ہے کہ شفاف انتخابات ہوں ، تمام سیاسی جماعتوں کا الیکشن اصلاحات پر اتفاق ہے ، افرادکی تبدیلی یے بجائے اللہ کا نظا م ملک کے لیے بہتر ہوگا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں