لڑکی کو قابل اعتراض ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کرنے والا ملزم گرفتار

راولپنڈی : لڑکی کو قابل اعتراض ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سیل راولپنڈی نے کارروائی کرتے ہوئے لڑکی کو قابل اعتراض ونازیبا ویڈیوز و تصاویر کے ذریعے بلیک میل و ہراساں کرنے میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔ایف آئی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ راولپنڈی کے علاقہ الہ آباد ویسڑیج کے رہائشی خواجہ عمیرعلی پر لڑکی کی نازیبا تصاویرتیار کرکے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک و انسٹا گرام پر اپ لوڈ کرنے کا الزام ہے۔

ملزم لڑکی کو بلیک میل و ہراساں کرنے کے لیے نازیبا تصاویر واٹس ایپ کے ذریعے فیملی ممبران کو ارسال کرتا رہا۔ ملزم نے لڑکی کی کزن کو بھی واٹس ایپ کے ذریعے نازیبا تصاویر ارسال کیں۔

انکوائری کے دوران ملزم کے فیس بک اکاونٹ کا تجزیہ کیا گیا تو لڑکی کی متعدد نازیبا تصاویر برآمد ہوئیں اور کچھ دوسری فیس بک آئی ڈی پر ٹرانسمٹ بھی ہوئیں۔انکوائری مکمل ہونے اور شواہد سامنے آنے پر ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے ملزم کو ویسڑیج کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ، دوران تفتیش ملزم کی جانب سے مزید انکشافات کیے جانے کا بھی امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں