والدین سے غیر اخلاقی حرکات کی شکایت کرنے پر معلم نے کمسن طالبہ کو ذبح کر دیا

راولپنڈی : والدین سے غیر اخلاقی حرکات کی شکایت کرنے پر معلم نے کمسن طالبہ کو ذبح کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ رتہ امرال کے علاقے ماربل فیکٹری میں سفاک 22 سالہ ملزم ٹیوشن ٹیچر نے 11 سالہ بچی کو گلا کاٹ کر قتل کردیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ بچی کو ذبح کرنے کا اندوہناک واقعہ تھانہ رتہ امرال کے علاقہ محلہ چک مدد ویسٹریج میں پیش آیا جہاں ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والا ملزم 21 سالہ قاری عادل 12 سال کی بچی کو سپارہ پڑھانے کے لیے اس کے گھر جاتا تھا، مقتولہ طالبہ نے والدین سے چند روز قبل ملزم کی غیر اخلاقی حرکات کے بارے میں شکایت کی تھی جس کے بعد والدین نے شک کی بنیاد پر اسے پڑھانے سے روک دیا۔

پیرکے روز بچی محلے کے ٹیوشن سینٹر گئی تو ملزم عادل بھی وہاں پہنچ گیا اور سفاکی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچی کی گردن پر تیز دھار آلے سے وار کرکے اسے قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق ابتدائی چھان بین میں ملزم نے اعتراف کیا کہ بچی کے گھر والے مجھ پر شک کرتے تھے ، اس بات کا غصہ تھا اسی لیے تیز دھار آلے سے قتل کردیا۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس ملزم کی ذہنی حالت سے متعلق بھی میڈیکل کروائے گی جبکہ بچی کے پوسٹ مارٹم کے لیے لاش اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں