مریدکے:معروف باڈی بلڈر کے قتل کا ڈراپ سین ہوگیا

مریدکے :چند روز قبل مرید کے کے رہائشی تن ساز نوجوان کے قتل کا معمہ حل ہو گیا، قاتل سگا بھائی نکلا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر مرید کے کی آبادی بھیانوالہ کے کھیتوں سے مریدکے کے مشہور تن ساز اور پلے دار نفیس چیمہ کی لاش برآمد ہوئی تھی ، مقتول کو سر میں گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔مقتول کے ماموں زاد چوہدری یعقوب چیمہ کے مطابق نفیس ایک بیٹی کا باپ تھا اور اپنے سسرال گیا تھا کہ ان کے قتل کی اطلاع مل گئی ۔

اطلاع ملتے ہی صدر پولیس موقع پر پہنچ گئی جس نے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاش کو پوسٹمارٹم کیلئے مریدکے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردی ۔مقتول کے قتل کی اطلاع جب اس کے گھر محلہ حمید پارک رحمان پورہ دائوکے مرید کے پہنچی تو کہرام مچ گیا ۔پولیس کے مطابق شواہد اکٹھے کر لئے گئے تھے حقائق جلد سامنے آ جائیں گے۔اور اب اس معاملے میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔

معروف تن ساز و پلے دار نفیس چیمہ کے اندھے قتل میں کوئی اور نہیں بلکہ اپنا سگا بھائی ملوث نکلا۔گرفتار ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔پولیس حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ملزم عتیق نے معمولی جھگڑے کے بعد اپنے بھائی نفیس کو گولی مار کر قتل کر دیا۔پولیس کے مطابق موبائل فون ڈیٹا کی مدد سے ملزم عتیق کی گرفتاری میں لائی گئی۔ملزم نے قتل کے بعد بھائی کی لاش کھیتوں میں پھینکی۔

قانون کو دھوکہ دینے کے لیے ملزم نے مقتول نفیس کے سسرالیوں کو مقدمے میں بھی پھنسانے کی کوشش کی۔ملزم پولیس کے ساتھ مل کر قاتل تلاش کرنے کا بھی ڈرامہ رچاتا رہا۔پولیس کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مقتول کے چھوٹے بھائی عتیق چیمہ کو حراست میں لے کر تفتیش کی گئی تو ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے اپنے بھائی کو معمولی جھگڑے کی وجہ سے قتل کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں