وفاقی حکومت نے سال 2022 کی تعطیلات کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سال 2022 کی تعطیلات کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا، آئندہ سال کے دوران 15 عام تعطیلات اور 20 اختیار تعطیلات ہوں گی، 6 عام تعطیلات اتوار کے روز ہوں گی۔ تفصیلات کے مطابق آئندہ سال 2022 کیلئے چھٹیوں کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے چھٹیوں کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا۔

وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن میں 2022 کیلئے عام تعطیلات اور اختیار چھٹیوں کی تفصیلات بتائی گئی ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سال 2022 میں کل 15 عام تعطیلات ہوں گی، تاہم شہریوں کیلئے مایوس کن خبر یہ ہے کہ 15 میں سے 6 عام تعطیلات اتوار کے روز ہوں گی۔ اس کے علاوہ سال 2022 کے دوران 20 اختیاری تعطیلات بھی دی جائیں گی۔

سال 2022 کی پہلی عام تعطیل 5 فروری کو یوم کشمیر کے سلسلے میں دی جائے گی۔

اس کے بعد 23 مارچ کو یوم پاکستان کے سلسلے میں ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی۔ یکم مئی 2022 کو یوم مزدور کی عام تعطیل ہوگی۔ عید کی تعطیلات کے حوالے سے بتایا گیا ہے عید الفطر کے سلسلے میں 3 سے 5 مئی 2022 جبکہ عیدالاضحیٰ کے سلسلے میں 10 سے 12 جولائی کو چھٹیاں ملیں گی۔ دونوں عیدین پر 3،3 چھٹیاں دی جائیں گی۔ جبکہ 7 اور 8 اگست کو نویں اور دسویں محرم کی تعطیلات ہوں گی، پھر کچھ روز بعد 14 اگست کو یوم آزادی کی عام تعطیل ہوگی۔

9 اکتوبر کو عید میلاد النبیﷺ کی عام تعطیل ہوگی، جبکہ 25 دسمبر کو یوم قائداعظم/کرسمس کی عام تعطیل ہوگی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 26 دسمبر کو مسیحی برادری کیلئے یوم کرسمس کے بعد کی بھی ایک عام تعطیل ہوگی۔ نوٹیفیکیشن میں وضاحت کی گئی ہے کہ سال 2022 میں اسلامی چھٹیاں متوقع تاریخ کے حساب سے طے کی گئی ہیں۔ چاند کی رویت کے حساب سے چھٹیوں کا الگ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں