ترجیحی منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے،وزیراعلیٰ محمود خان

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرا م (پی ایس ڈی پی) کے تحت صوبے میں جاری منصوبوں خصوصاً سڑکوں کے ترجیحی منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے روایتی انداز سے ہٹ کر کام کیا جائے ۔

اُنہوںنے ہدایت کی کہ منصوبوں کیلئے جاری شدہ فنڈزکی سو فیصد یوٹیلائزیشن یقینی بنائی جائے جبکہ فنڈ یوٹیلایزیشن رپورٹس متعلقہ فورم کو بروقت پیش کرنے کیلئے بھی ٹھوس اقدامات اُٹھائے جائیں۔ اُنہوںنے مزید ہدایت کی کہ پی ایس ڈی پی 2022-23 میں شامل کرنے کیلئے تمام مجوزہ منصوبوں کے پی سی ونز بھی رواں ماہ کے آخری تک صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی( پی ڈی ڈبلیو ڈی) سے منظور کرالئے جائیں ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں جاری عوامی مفاد کے میگا منصوبوں کی معیاری اور بروقت تکمیل صوبائی حکومت کی ترجیح ہے جس کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنی ذمہ داریاں بروقت پور ی کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ان منصوبوں کو بلا تاخیر مکمل کرکے عوام کی سہولت کیلئے استعمال میں لایا جا سکے ۔ یہ ہدایات اُ نہوں نے جمعرات کے روز صوبے میں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت منصوبوں سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں