punjab

پنجاب کے عوام کے لیے ہیلتھ انشورنس کا بڑا منصوبہ تیار

لاہور : حکومت پنجاب کی جانب سے صوبے کے عوام کے لیے ہیلتھ انشورنس کا بڑا منصوبہ تیار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ بورڈ پنجاب کے چیئرمین عبداللہ خان سنبل نے گذشتہ روز منعقدہ اجلاس میں کیا۔ تمام متعلقہ صوبائی سیکرٹریز، ممبر پی اینڈ ڈی بورڈ اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں عبد اللہ خان سنبل نے کہا کہ تمام 36 اضلاع میں 100 فیصد آبادی کے لیے ہیلتھ انشورنس کا نفاذ دسمبر 2021ء تک مکمل ہونے کے امکانات موجود ہیں۔ عبداللہ خان سنبل نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے صوبے کے عوام کے لیے ہیلتھ انشورنس کا بڑا منصوبہ تیار کر لیا گیا جس کے تحت 332 بلین کی کثیر رقم مختص کی جائے گی، اس اسکیم میں پنجاب کے تمام 36 اضلاع شامل ہیں۔

منصوبے کا مقصد تمام شہریوں کو صحت کی یکساں سہولیات کی فراہمی ممکن بنانا ہے۔ عبداللہ خان سنبل کی جانب سے اسکیم کی کامیابی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے تحرک کو بھرپور سراہا گیا اور اس امر کا اظہار کیا گیا کہ اسٹیک ہولڈرز کی تمام تر کاوشیں اس اسکیم کی کامیابی کے لئے اہم سنگ میل ثابت ہوں گی۔عبداللہ خان سنبل کے مطابق اسکیم کو مکمل کامیاب بنانے کے لیے ہر حوالے سے جائزہ لیا گیا ہے، منصوبہ بندی پر عمل درآمد یقینی بناتے ہوئے پروگرام کے ہموار نفاذ کے لیے اسے اولین ترجیحات میں شامل کیا جائے اور تمام تر پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مضبوط روابط اس اسکیم کے کامیاب نفاذ میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامی محکمہ اور پی ایچ آئی ایم سی، عملدرآمد ایجنسیوں کے طور پر مضبوط عمل درآمد کے لیے تمام اقدامات اپنائیں اور پی ایچ آئی ایم سی کے بورڈ ممبران کو پروگرام کے نفاذ کی نگرانی کرنی چاہئیے

اپنا تبصرہ بھیجیں