اب پاکستانی شہری ایس ایم ایس کے ذریعے خاندانی شجرے میں موجود افراد کی نشاندہی کرسکیں گے

لاہور : اب پاکستانی شہری صرف ایک ایس ایم ایس کے ذریعے خاندانی شجرے میں موجود غیرمتعلقہ افراد کی نشاندہی کرسکیں گے، جعلی شناختی کارڈ اسکینڈل کے بعد نادرا حکام نے نیا نظام متعارف کروا دیا۔ تفصیلات کے مطابق نادرا نے قومی شناختی کارڈ کی تصدیق اور تجدید کے نئے نظام کا اجراء کردیا، نئے نظام کی بدولت ہر پاکستانی تصدیق کرسکتا ہے کہ ان کے خاندان میں کوئی اجنبی یا غیرمتعلقہ فرد تو رجسٹرڈ نہیں ہے۔

ترجمان نادرا کے مطابق “آپ کا خاندان محفوظ تو پاکستان محفوظ” کے مرکزی پیغام کے تحت آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا، غیرقانونی طور پر پاکستان میں رہنے والے غیرملکیوں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا گیا۔رجمان نے کہا ہے کہ نادرا کے ڈیٹا بیس کو کسی بھی قسم کے غلط اندراج سے پاک بنانے کے لیے آرٹی فشل انٹیلی جنس جیسی جدت آمیز ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا اور جعلی شناختی کارڈ کا سراغ لگایا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق پاکستانی شہری نادرا میں اپنے رجسٹرڈ موبائل نمبر سے 8009 پر اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر مع تاریخ اجراء ایس ایم ایس کریں، جواب میں آپ کو اپنے خاندان کے افراد کی تفصیلات (فیملی ٹری) موصول ہوں گی۔نہوں نے بتایا کہ کوئی بھی معلومات اگر درست نہ ہوں یا خاندان میں کسی اجنبی یا غیرمتعلقہ فرد کا نام شامل ہو تو نادرا کو مطلع کرنے کے لئے جواب میں 1 لکھ کر ایس ایم ایس کریں، نادرا کا نمائندہ اس متعلق آپ سے رابطہ کرے گا، تمام معلومات درست ہوں تو 2 لکھ کر ایس ایم ایس کریں اور نادرا کو معلومات درست ہونے کی تصدیق کریں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ سہولت تمام نادرا رجسٹریشن سینٹرز پر مفت فراہم کی گئی ہے، ایس ایم ایس کے ذریعے موصول ہونے والی خاندان کی تفصیلات میں اگر خاندان کے کسی فرد کی تفصیل موجو نہ ہو تو آپ کسی بھی نادرا رجسٹریشن سینٹر پر جا کر اس کا اندراج کرا سکتے ہیں۔ترجمان کے مطابق اس سروس سے فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ ایس ایم ایس نادرا میں رجسٹرڈ اسی موبائل نمبر سے کیا جائے جو شناختی کارڈ یا “ب” فارم بنواتے وقت نادرا رجسٹریشن سینٹر پر فراہم کیا تھا، اگر آپ کا موبائل نمبر نادرا میں رجسٹرڈ نہیں تو آپ کسی بھی نادرا سینٹر پر موبائل نمبر کی رجسٹریشن یا تبدیلی کے لیے تشریف لائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں