راولپنڈی میں شوہر نے نئی نوہلی دلہن کو برہنہ حالت میں گھر سے باہر نکال دیا

اسلام آباد:شوہر نے نئی نوہلی دلہن کو تشدد کے بعد برہنہ حالت میں گھر سے باہر نکال دیا۔ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق راولپنڈی کے علاقے ملک کالونی گرجا روڈ میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں 14 سالہ نئی نویلی دلہن کو سفاک شوہر نے برہنہ حالت میں گھر سے باہر نکال دیا۔نوجوان کی جانب سے لڑکی کے ساتھ بدسلوکی کی گئی،ہمسایوں نے نوجوان لڑکی کو تن ڈھانپنے کے لیے کپڑے دئیے۔

تھانہ صدر بیرونی میں لڑکی کے والد یوسف خان نے رپورٹ درج کروائی کہ بیٹی کی شادی 40 دن قبل اپنے بھانجے بادشاہ خان سے کرائی تھی تاہم شادی کے چند روز بعد ہی داماد نے مار پیٹ شروع کر دی تھی۔یوسف خان نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گذشتہ روز داماد نے بیٹی کو برہنہ کر کے چارپائی سے باندھ دیا تھا اور مبینہ زبردستی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں اور برہنہ حالت میں گھر سے نکال دیا۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے 26 سالہ دلہے بادشاہ خان کو گرفتار کر لیا ہے۔طبی معائنے میں لڑکی کے جسم پر تشدد کے نشانات دیکھے گئے جب کہ فرانزک رپورٹ کا انتظار ہے۔ایس ایچ او صدر بیرونی انسپکٹر ملک اللہ یار کا رابطے پر کہنا تھا کہ نمونے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی ارسل کر دئیے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں