جنوبی پنجاب کیلئے الگ سیکرٹریٹ کا قیام حکومت کا کارنامہ ہے،عثمان بزدار

بہاولپور :وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کیلئے الگ سیکرٹریٹ کا قیام حکومت کا اہم کارنامہ ہے، تحریک انصاف کی حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ ضلعی ترقیاتی پیکیج متعارف کرایا۔ بدھ کو کسان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے جنوبی پنجاب کو نئی شناخت دی، جنوبی پنجاب کیلئے الگ سیکرٹریٹ کا قیام حکومت کا اہم کارنامہ ہے، تحریک انصاف کی حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ ضلعی ترقیاتی پیکیج متعارف کرایا۔

انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ زرعی ایمرجنسی نافذ کی گئی، زرعی ایمرجنسی کے تحت 300 ارب روپے کے میگا پراجیکٹس پر کام ہو رہا ہے، صوبہ کے کاشتکاروں کیلئے کسان کارڈ متعارف کرا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کیلئے صوبائی ملازمتوں میں 32 فیصد کوٹہ مختص کیا جا رہا ہے، موجودہ حکومت کاشتکاروں کی ترقی اور زرعی شعبہ کے فروغ کیلئے متعدد اقدامات کر رہی ہے، حکومت کی کسان دوست پالیسی کے باعث گنے اور گندم سمیت چار فصلوں کی ریکارڈ پیداوار ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے کاشتکاروں کیلئے جدید اری گیشن سسٹم متعارف کرایا گیا، پنجاب میں پہلی دفعہ فصلوں کی بیمہ سکیم متعارف کرائی گئی۔ معاون خصوصی غذائی تحفظ و تحقیق جمشید اقبال چیمہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کاشتکاروں کی بھرپور معاونت کیلئے پرعزم ہے، وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، وزیراعظم چاہتے ہیں کہ کسانوں کی آمدن میں اضافہ اور کسان کیلئے دیہات میں کاروبار کے مواقع پیدا کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ میں چین کی مثالی ترقی سے استفادہ کریں گے، چین کے ماڈل پر عمل پیرا ہو کر زرعی پیداوار میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کی شکایات کے ازالہ کیلئے وزیراعلیٰ اور وزیراعظم ہائوس میں خصوصی سیل بنائے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں